وزیر خارجہ بلاول کی  امام رضاکے مزار پر حاضری

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آج اپنے دورہ مشہد کے دوران امام رضاکے مزار پر حاضری دی، ہوائی اڈے پر وزیر خارجہ کا استقبال صوبہ خراسان رضوی کے گورنر جنرل یعقوب علی نظری نے کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے مزار پر حاضری دی اور  مہمانوں کی کتاب پر دستخط بھی کیے۔

وزیر خارجہ نے پرامن بقائے باہمی، تمام مذاہب کے احترام اور انسانیت کیلئے رحمت پر مبنی اسلامی تعلیمات کی حقیقی روح کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

وزیر خارجہ بلاول نے آستانہ قدس رضوی کے متولی حجت اللہ احمد ماروی سے بھی ملاقات کی۔

وزیر خارجہ نے اربعین کے دوران ایران کا دورہ کرنے والے پاکستانی زائرین کیلئے انتظامات پر حجت اللہ احمد ماروی کا شکریہ ادا کیا اور ایران میں زائرین کے داخلے اور قیام کی سہولت کیلئے باہمی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔